پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان استعفوں کی تصدیق کیلئے قومی اسمبلی طلب

03:25 PM, 30 May, 2022

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹٰی آئی) کے مستعفی ارکان استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی طلب کرلیے گئے۔ ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے مستعفی ارکان کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے،اسپیکر راجہ پرویزاشرف نے مستعفی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کیا۔ ترجمان کے مطابق ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے 6 جون کو طلب کیاگیاہے، روزانہ کی بنیاد پر 30 مستعفی اراکین اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے، ہر مستعفی رکن کے لیے 5 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے ،ترجمان کا کہنا ہے کہ مستعفی ارکان کی تعداد131 ہے. واضح رہے کہ9 اپریل کو قومی اسمبلی میں اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ اسمبلیوں سے استعفے دینے جارہے ہیں۔ جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے بعد نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کیا تھا اور تمام اراکین سمیت ایوان سے باہر چلے گئے تھے۔
مزیدخبریں