جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور
02:58 PM, 30 May, 2023
لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور کر لئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔ عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد کے روبرو پیش ہوئے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے، عدالت نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور کر لئے۔ عدالت نے آج عمران خان کو ضامن کے ساتھ خود بھی پیش ہونےکا حکم دیا تھا، عدالت نے 9 مئی واقعات کے مقدمات میں عمران خان کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کر رکھی ہے۔ عدالت نے عمران خان کو تینوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ عمران خان مچلکے جمع کرانے کے بعد عدالت سے روانہ ہو گئے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف لاہورکےمختلف تھانوں میں جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤکے 3 مقدمات درج ہیں۔ قبل ازیں عمران خان کی گاڑی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں لانے کی اجازت دی گئی، عمران خان کی درخواست پر ایڈمن جج عبہر گل نے اجازت دی۔ علاوہ ازیں عمران خان کا آج لاہور ہائی کورٹ میں بھی پیش ہونے کا امکان ہے، انہیں لاہور ہائی کورٹ میں ظل شاہ کیس میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے ہیں۔