بیٹے کی شاہ خرچیاں ، جاپانی وزیراعظم نےعہدے سے فارغ کردیا
05:05 PM, 30 May, 2023
جاپان کے وزیراعظم کشیدا فومیو نے اپنے ہی بیٹے کو شاہ خرچیوں پر سیکڑری کے عہدے سے فارغ کردیا ہے ۔ غیرملکی خبر رساں ادار کا کہنا ہے سرکاری خزانے کے بے دریغ استعمال اور شاہ خرچیوں کے پیشِ نظر جاپانی وزیراعظم کے بیٹے شوترو کو سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شوترو جاپانی وزیراعظم کشیدا فومیو کے بڑے بیٹے ہیں، اور اس کی وجہ سے وزیراعظم کشیدا کو پہلے بھی تنقید کا سامنا تھا، اور ان کو بیٹے کو عہدے سے فارغ کرنے کا دباؤ بھی تھا۔ وزیراعظم جاپان کے بڑے بیٹے شوترو ان کے سیکرٹری کے طور پر کام کر رہے تھے، رواں سال کے اوائل میں شوترو اس وقت شدید تنقید کا نشانہ بنے جب وہ اپنے والد کے ساتھ امریکا اور یورپ کے دورے پر ان کے ساتھ تھے، اور انہیں سرکاری گاڑی میں شاپنگ کرتے اور تفریحی مقامات پر دیکھا گیا تھا۔ اس سے پہلے بھی شوترو نے وزیر اعظم ہاؤس میں اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ نئے سال کی پارٹی منائی اور اس کی تصاویر بھی شیئر کیں ، جس پر وزیراعظم کشیدہ نے اپنے بیٹے کو تنبیہ کی تھی۔ تاہم اب وزیراعظم کشیدہ نے اپنے بیٹے شوترو کو غیر ذمہ دارانہ رویے پر سیکرٹری کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے، اور وہ یکم جون کو اپنااستعفی پیش کر دیں گے۔ دوسری جانب جاپانی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کشیدا کو اسی وقت اپنے بیٹے کو عہدے سے برخاست کر دینا چاہئے تھا، وہی اپنے بیٹے کو اس عہدے پر تعینات کرنے کے ذمہ دار ہیں۔