ملک بھر میں ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

09:50 AM, 30 May, 2024

نتاشا رحمان

ویب ڈیسک: (نتاشارحمان) پنجاب میں ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار ہے۔ بدھ کے روز درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 47 ڈگری تک رہا۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز رحیم یار خان، قصور اور بھکر میں 47 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں 45 ڈگری تک درجہ حرارت رہا۔ 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق چولستان کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے چولستان میں پانی کی فراہمی کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ پائپ لائنز اور واٹر باؤزرز کے ذریعے دور دراز علاقوں کو پانی مہیا کیا جا رہا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہیٹ ویو جیسی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لئے ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔ صحراؤں میں صاف پانی کی فراہمی بڑا چیلنج ہے۔ اس پر پورا اتریں گے۔ شہری گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزیدخبریں