ٹی20 ورلڈکپ، پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ سے پہلے نیویارک میں سکیورٹی ہائی الرٹ

11:06 AM, 30 May, 2024

محمد شکیل خان

ویب ڈیسک :(شکیل خان )آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلے سے قبل نیویارک کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 9 جون کو ہونے والے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے سے قبل نیویارک کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

امریکی ریاست نیویارک کی گورنر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، فی الحال شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

آئزن ہاور پارک اسٹیڈیم، جو مین ہٹن سے تقریباً 25 میل مشرق میں واقع ہے، 3 جون سے 12 جون تک پھیلے ہوئے 8 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

گورنر کیتھی ہوچول کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام قانون نافذ کرنے والے حکام کیساتھ تعاون کررہی ہے جبکہ مکمل اسکریننگ کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے، عوامی تحفظ میری اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ ایک محفوظ اور پر لطف تجربہ ہو۔

دوسری طرف آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران سیکورٹی کو مضبوط بنایا جائے گا ۔ نیویارک وینیو کی سیکورٹی کو بھی دیگر وینیوز کی طرح مضبوط بنائیں گے ۔ہر کسی کی سیکورٹی اور حفاظت اولین ترجیح ہے۔میزبان ممالک کی اتھارٹیز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ۔
نیویارک میں انڈیا نے چار جبکہ پاکستان نے دو میچز کھیلنا ہیں ۔
 یادرہے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران نیو یارک میں ایک تنظیم کی جانب سے حملے کی دھمکی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں  جبکہ مبینہ طور پر ایکدہشت گرد گروپ نے حملوں  کی دھمکی کے حوالے سے ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

مزیدخبریں