کابینہ اجلاس؛ کورونا کی نئی قسم Omicron کی بازگشت

01:17 PM, 30 Nov, 2021

احمد علی

لاہور ( پبلک نیوز) جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والے کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کو پہلے سامنے آنے والی اقسام کے مقابلے میں قدرے مہلک قرار دیا جا رہا ہے. وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی کورونا کی نئی قسم Omicron کی بازگشت سنائی دی.

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے . وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا کی نئی قسم Omicron کے حوالے سے کابینہ کو بریف کیا . اسد عمر نے بتایا کہ یہ قسم افریقہ سے شروع ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کی بنیاد پر اس کے پھیلاو کی شرح بہت تیز ہے۔کابینہ نے عوام کے تحفظ کے لیے ماسک کے استعمال، سماجی فاصلہ اور ویکسینیشن کی ترغیب دی۔

بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون پر اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل نے بریفنگ دی. وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، موجودہ ویکسینز اس وائرس کے لئے کتنی موثر ہیں، اس کا پتہ لگانے کے لئے دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے، صوبائی حکومتوں اور عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر ویکسینیشن مکمل کروائیں. ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ہم پہلی چار لہروں کی طرح اس پانچویں لہر سے بھی کامیابی سے نمٹیں گے، عوام کو ماسک پہننا ہوں گے، ویکسین لگوانا ضروری ہے.

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو آئندہ تمام ضمنی انتخابات ای وی ایم پر کرانے چاہئیں، اگر انتخابات ای وی ایم پر نہیں ہوتے تو حکومت اس کے لئے فنڈنگ نہیں کر سکے گی، قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو تسلیم کرتا ہے، وزیر قانون کا بھی خیال ہے کہ بادی النظر میں حکومت الیکشن کمیشن کو اسی صورت فنڈز دے سکے گی جب انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے، الیکشن کمشن اس معاملے پر آگے بڑھے، پارلیمنٹ نے مینڈیٹ دیا ہے کہ الیکشن فوری طور پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر کرائے جائیں، الیکشن کمیشن انتخابات کو ای وی ایم پر منتقل کرے.

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے لاہور میں ووٹ خریدنے کے حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیو پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریداری کے وقت نوٹس لیا جاتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی، جمہوری ملک میں الیکشن کمیشن کا نظام ہونا بہت اہم ہے، الیکشن کمیشن پر تمام لوگوں کا اتفاق ہونا چاہیئے.

انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کو ویڈیو والے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے، سعودی عرب سے تین ارب ڈالر اسٹیٹ بینک منتقل ہونے کے لئے تمام ضوابط مکمل ہو گئے ہیں، 1.3 ارب ڈالر کے تیل کی فراہمی کے لئے بھی تمام ضروری کام مکمل ہو گیا ہے، آئی ٹی ایف سی نے 762 ملین ڈالر اضافی پاکستان کو دیئے ہیں جس سے فوری طور پر ڈالر کی قیمت میں استحکام آنے کا امکان ہے.

ان کا مزید کہنا تھا کہ رانا شمیم بیان حلفی کا معاملہ ن لیگ کی ایک سازش ہے، سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان کا بیان حلفی اخبار تک کیسے پہنچا، اپوزیشن کی احتجاجی سیاست موسمی ہے، ان کے اپنے کارکنان اب ان کی بات نہیں سنتے۔ احساس پروگرام میں بہت سے افراد کو پیسے جاری ہوئے کچھ افراد نے موصول نہیں کئے.

مزیدخبریں