وزیراعظم کا کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم
06:57 AM, 30 Nov, 2022
وزیراعظم شہبازشریف نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کی گاڑی پر دھماکے کی شدید مزمت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ واقعے میں پولیس اہلکار سمیت ایک بچے کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو اہلکار ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر یہ فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، جس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ، شر پسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی اس مہم کو روکنے میں ہمیشہ ناکام رہیں گے۔ پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیو اہلکار شرپسند عناصر کی ان مزموم کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے. ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، انہوں نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہ بھی کی۔