پراپرٹیز کیلئے جنگ: فاروق ستار نے بانی متحدہ کے خلاف گواہی دیدی
01:13 PM, 30 Nov, 2022
ایم کیو ایم کی لندن کی 7 پراپرٹیز کے حصول کی عدالتی جنگ میں ڈاکٹر فاروق ستار عدالت میں بانی متحدہ کے خلاف کھڑے ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مقدمے کی کارروائی کے دوسرے روز ڈاکٹر فاروق ستار نے ویڈیو لنک کے ذریعے گواہی دی۔ بانی متحدہ کے وکیل نے ڈاکٹر فاروق ستار پر جرح کی۔ فاروق ستار نے بانی متحدہ کی متنازع تقریر کے بعد کی صورتِ حال اور پارٹی قائد کو نکالنے کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا۔ بانی متحدہ کے وکیل نے سوال کیا کہ بانی متحدہ کو نکالنے کے لیے رینجرز نے کہا تھا؟ جس پر فاروق ستارنے جواب دیا کہ نہیں یہ میری مرضی تھی۔ فاروق ستار نے بتایا کہ پارٹی پاکستان سے کنٹرول ہو گی۔ اس حوالے سے پریس کانفرنس سے قبل بانی متحدہ سے اجازت نہیں لی تھی۔ فاروق ستار نے تسلیم کیا کہ ندیم نصرت سے بات چیت کے دوران قائد کو فارغ کرنے کا اشارہ نہیں دیا تھا۔ خیال رہے کہ ایم کیوایم کے لندن اور پاکستان گروپ میں مہنگی پراپرٹیز کے حصول کے لیے قانونی جنگ جاری ہے۔ شمالی لندن کے مہنگے علاقوں میں واقع پراپرٹیز کے حصول کے لیے امین الحق نے برطانوی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ فاروق ستار کے بعد وسیم اختر بھی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں گواہی دیں گے۔ ایم کیو ایم کے دونوں دھڑے 10 ملین پونڈز سے زائد مالیت کی لندن کی 7 جائیدادوں کے قبضے کے لیے عدالت پہنچے ہیں۔