الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ
01:48 PM, 30 Nov, 2022
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب بلدیاتی اداروں کی معیاد یکم جنوری 2022کو ختم ہوچکی، الیکشن کمیشن تیسری دفعہ حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کرنے جارہا ہے، انتخابات کیلئے تاریخ پر صوبائی حکومت کے نمائندگان سے مشاورت کی جائے۔ پنجاب حکومت کے نمائندے نے کہا کہ ڈرافٹ رولز کابینہ کی آئندہ میٹنگ میں رکھے جائیں گے، رولز کی منظوری کے بعد اِن کی کاپیاں الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائیں گی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرواچکا یا کروانے والا ہے، کہیں الیکشن شیڈول دے چکا ہے، صرف پنجاب باقی جہاں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا۔