(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ جنرل سیکرٹری کے طور پر ہی کام کریں گے، سلمان اکرام راجہ نے اپنا استعفی واپس لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز پہلے سلمان اکرم راجہ نے پارٹی قیادت کے ساتھ میٹنگ کے بعد استعفی دیا تھا۔انہوں پی ٹی آئی احتجاج کے بعد مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
پی ٹی آئی احتجاج کے دن سلمان اکرم راجہ نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ہم پر اعتراض کیا کہ ہم احتجاج میں اسلام آباد کیوں نہیں پہنچے، دیکھیے، ہم لاہور میں ملے، میں پورا دن لاہور شہر کی سڑکوں پر رہا، وہاں یہ عالم تھا کہ اگر 10، 20 یا 30 لوگ بھی اکٹھے ہوتے تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی تھیں، ان کو گرفتار کیا جاتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا حق تھا کہ ہم ایک جگہ اکٹھے ہوتے اور اسلام آباد جاتے لیکن تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تھا، جس تعداد میں لوگ نکلنا چاہتے اور اسلام آباد میں احتجاج کرنا چاہتے تھے وہ ممکن نہیں تھا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میرے لیے یہ ممکن نہیں تھا کہ میں شعبدہ بازی کروں، اور ڈی چوک پر جا کر اپنی تصویریں کھنچواؤں، میرے لیے یہ مناسب نہیں تھا، میں ہمیشہ سچائی کے ساتھ آپ کے سامنے آؤں گا، جو میں کر سکتا ہوں وہ بیان کر دوں اور جو نہیں کرسکتا وہ بھی بیان کر دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کو کسی کے لیے لاہور سے باہر نکلنا ممکن نہیں تھا، 25 اور 26 کو بھی یہی صورتحال تھی۔