پی ٹی آئی کے گرفتار156 کارکنان کا جسمانی ریمانڈ منظور

05:33 PM, 30 Nov, 2024

ویب ڈیسک: انسداد دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد میں احتجاج سے گرفتار 156 پی ٹی آئی کارکنان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف درج کیسز کی سماعت کی۔ اس دوران پی ٹی آئی وکلاء انصر کیانی، مرزا عاصم بیگ، صہیب الیاس عدالت میں پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے ملزمان سے تحقیقات کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان سے اینٹی رائٹس کٹس اور ڈنڈے برآمد ہوئے ہیں۔

جج طاہر عباس سپرا نےاستفسارکیا کہ کیا برآمد کرنا ہے؟اسلام آباد میں اتنی اینٹی رائٹس کٹس ہی نہیں جتنی چھینی جا چکی ہیں۔

عدالت نے 17 ملزمان کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ جبکہ 139 ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت نے دو خواتین کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔ گرفتار خواتین کارکنان نے بتایا کہ ہمیں 24 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا، ہمیں کھانا پینا بھی نہیں دیتے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو ڈی چوک پر احتجاج کے دوران مختلف مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

عدالت نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا، پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔

مزیدخبریں