(ویب ڈیسک ) معروف بھارتی اداکار شرد کپور پر 32 سالہ خاتون نے بدتمیزی کا الزام عائد کردیا، جس کے بعد اداکار پر ایف آئی آر درج ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ شرد کپور نے انہیں ایک پروجیکٹ پر بات کرنے کے بہانے اپنے دفتر بلایا اور وہاں نامناسب رویہ اختیار کیا۔
ادھر ممبئی پولیس کی جانب سے شرد کپور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے انہیں پوچھ گچھ کیلئے طلب بھی کرلیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ یہ واقعہ 26 نومبر 2024 کو پیش آیا جب متاثرہ خاتون کو ویڈیو ریلز کے کام کے حوالے سے گفتگو کےلیے کپور کے دفتر بلایا گیا تھا۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ وہاں پہنچنے پراداکار شرد کپور نے نامناسب لباس پہنا ہوا تھا اور ان کے ساتھ بدتمیزی کی کوشش کی۔
خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ واقعے کے بعد شرد کپور نے انہیں فحش پیغامات بھیجے، جن میں ایک وائس نوٹ بھی شامل تھا جس سے وہ مزید پریشان ہوگئیں۔
خاتون نے قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈسٹری میں احتساب کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اس الزام پر اداکار شرد کپور کی جانب سے تاحال کوئی بیان یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔