’جوکیس نیب نےبنایاوہی ایف آئی اےنےبھی بنا دیا‘

06:51 AM, 30 Oct, 2021

احمد علی

لاہور: شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرےخلاف جوکیس نیب نےبنایاوہی ایف آئی اےنےبھی بنادیا، میرےخلاف جھوٹ پرمبنی کیسز بنائے گئے ہیں.

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکمران آج تک سیاسی انتقامی کاروائیوں کے علاوہ کچھ نہیں کر سکے، کالعدم جماعت کے ساتھ مذاکرات ہی مسئلے کا بہترین حل ہے، اللہ پاکستان کو اپنے حفظ و امان میں قائم رکھے .

اس موقع پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حالات بگڑتے جا رہے ہیں معیشت کا برا حال ہے ، حکومت کا یوم حساب قریب آ چکا ہے ، 50لاکھ نوکریاں، ایک کروڑ گھر دینے کا کا ڈرامہ بے نقاب ہو چکا ہے ، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں پھر اضافہ ہونے جا رہا ہے ، افغانستان کی صورتحال پرتمام سیاسی جماعتوں کوایک ایجنڈا بناناچاہیے.

اس سے قبل بینکنگ کورٹ میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیس کی سماعت ہوئی . عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 20نومبر تک توسیع کر دی. عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کو عبوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے. شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے عدالت میں حاضری مکمل کرائی۔

مزیدخبریں