پبلک نیوز: کالعدم جماعت کا احتجاج، پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا. پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو این اے 133 لاہور کا الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کردی.
پنجاب حکومت کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک این اے 133 لاہور کا الیکشن ملتوی کیا جائے، لاہور میں کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے حالات معمول پر آنے کے بعد این اے 133 ضمنی الیکشن کرانے کی درخواست کردی.
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث لاہور ضمنی الیکشن کی تیاروں سے قاصر ہیں، 19 نومبر کو خادم رضوی کی پہلی برسی کے موقع پر بھی حالات کشیدہ ہوسکتے ہیں.
دوسری جانب این اے 133کے الیکشن میں حکومتی ایماء پر شائستہ پرویز ملک کے بینرز اتارنا شروع کر دئیے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور نےٹرک پر چڑھ کر شائستہ پرویز ملک کے بینرز اور پلے کارڈز اتارے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اہلکار وں نے این اے 133کے امیدوار جمشید چیمہ کے بینرز نہ اتارے.
واضح رہے کہ این اے 133کے الیکشن 5دسمبر کو شیڈول ہیں ، این اے 133کی سیٹ ن لیگ کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال پر خالی ہوئی تھی.