مذمتی بیانات فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے کافی نہیں، سعودی وزیر خارجہ

09:05 PM, 30 Oct, 2024

(ویب ڈیسک )  سعودی وزیر خاجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب غزہ میں جنگ بندی کیلئے ہر ممکن اقدام کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ مذمتی بیانات فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے کافی نہیں۔

سعودی وزیر خارجہ سے انروا کے کمشنر فلپ لازارینی نے ملاقات کی۔ ریاض میں ہونے والی ملاقات میں سعودی حکومت اور اقوام متحدہ کی ایجنسی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان  نے کہا کہ   غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جاری وحشیانہ نسل کشی کی مذمت کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ  خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی پہلی شرط ہے۔ غزہ اور لبنان کی صورتحال پر جلد عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب فلسطینیوں کیلئے یو این ایجنسی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ 

کمشنر انروا  فلپ لازارینی نے کہا اسرائیل انروا کی سرگرمیاں ختم کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، اسرائیلی اقدامات کے باعث مغربی کنارے میں صورتحال انتہائی سنگین حد تک پہنچ گئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ   فلسطینی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، اسرائیل کے نافذ کردہ سخت قوانین سے فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ 

کمشنر انروا  کا کہنا تھا  کہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت دو ریاستی حل کو ناممکن بنا رہی ہے، غزہ کو سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے ساتھ تباہ و برباد کیا گیا۔

مزیدخبریں