ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
03:46 PM, 30 Sep, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں 15 یوم کی توسیع کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان وزیر خزانہ شوکت ترین نے کراچی چیمبر کے وفد سے وفاقی دارالحکومت میں ملاقات کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ نے ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں درپیش مسائل سننے کے بعد 15 اکتوبر تک توسیع کا اعلان کیا۔ ملاقات کے لیے کے سی سی آئی کے وفد کی قیادت چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا نے کی۔ وفد میں وائس چیئرمین بی ایم جی ہارون فاروقی اور جاوید بلوانی، جنرل سیکرٹری اے کیو خلیل اور کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس بھی شامل تھے۔ وفد نے ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے میں درپیش مشکلات کو سمجھنے اورریلیف کا اعلان کرنے پر وزیر خزانہ کی تعریف کی۔ کے سی سی آئی کے وفد نے ٹیکس سے متعلق غیر مؤثر پالیسیوں میں ترمیم کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے ٹیکس قوانین (تیسری ترمیم) آرڈیننس 2021 کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کے سی سی آئی وفد کا کہنا تھا کہ ان قوانین کا نفاذ بھی سب سے پہلے کراچی سے کیا جائے گا۔ وفد کی جانب سے کہا گیا کہ ایسے تمام قوانین جن پر جرمانہ ہوتا ہے ہمیشہ کراچی سے شروع ہوتے ہیں۔ اگر کراچی کو ہی تمام ٹیکس ادا کرنے ہیں اور جرمانے بھی بھگتنا ہیں تو شراکت کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز کیوں نہیں مل رہے۔ متنازع آرڈیننس میں ٹرم انڈر فائلرز کو نان فائلرز کے ساتھ تبدیل کیا جائے۔