پنجاب میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز تعداد 401 ہوگئی
06:03 AM, 30 Sep, 2022
لاہور: محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ پنجاب سے ڈینگی کے 401 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، لاہور سے 174، راولپنڈی سے 115 جبکہ گجرانوالہ سے 41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں رواں سال کے دوران پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی کے 6378 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملتان سے 16،فیصل آباد سے 9، سرگودھا سے 7،خانیوال اور اٹک سے 5 پانچ جبکہ ڈیرہ غازی خان سے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، وہاڑی اور سیالکوٹ سے 3 تین جبکہ گجرات، ساہیوال، بہاولپور،مظفرگڑھ، راجن پور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 2 دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، شیخوپورہ، جہلم، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، لودھراں، نارووال اور رحیم یار خان سے 1 ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ رواں سال کے دوران لاہور سے ڈینگی کے کل 2730 کیسز سامنے آئے ہیں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے باعث 1 ہلاکت لاہور سے رپورٹ ہوئی ہے۔ پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی بخار سے 9 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، رواں سال پنجاب میں ڈینگی وائرس سے اب تک لاہور سے 4، راولپنڈی اور گوجرانولہ سے 2دو جبکہ گجرات سے 1ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 997 مریض داخل ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 265 مریض زیر علاج ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز پنجاب میں 378,040 ان ڈور مقامات کو چیک کیا گیا، پنجاب بھر میں 91,950 آؤٹ ڈور مقامات کو بھی چیک کیا گیا۔ گذشتہ روز پنجاب بھر میں 2381 مقامات سے لاروا برآمد ہوا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 56,439 ان ڈور مقامات کو چیک کیا گیا ہے، گذشتہ روز لاہور میں 11,008 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا گیا اور لاہور میں 1070 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا ہے۔