روس نے یوکرین کے 4 علاقوں کو باضابطہ طور پر اپنا حصہ قرار دیدیا
01:05 PM, 30 Sep, 2022
روسی صدر ولادی میر پوٹن نے ماسکو میں تقریب کے دوران یوکرینی علاقوں کے باضابطہ انضمام کا اعلان کیا۔ روسی صدر پوٹن نے کریملن کے سینٹ جارج ہال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرینی علاقوں کے رشئین فیڈریشن میں انضمام کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لاکھوں لوگوں کی مرضی ہے۔ چند روز قبل یوکرینی علاقوں میں روس میں شمولیت کیلئے ریفرنڈم ہوا تھا، تاہم یوکرین اور مغربی حکومتوں نے ان ووٹوں کو جعلی، ناجائز اور بندوق کی نوک پر کرائے جانے والا ریفرنڈم قرار دیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ وہ ووٹوں یا الحاق کو تسلیم نہیں کریں گے۔ صدرپوٹن نے یوکرین سے مطالبہ کیا کہ وہ ہتھیار ڈال دے اور "وہ 2014 میں شروع ہوئی" جنگ کو ختم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیف کو "مذاکرات کی میز پر واپس آنا چاہیے"۔ انہوں نے کہا کہ "مغرب ہمیں نشانہ بنانے کے نئے مواقع تلاش کر رہا ہے اور وہ ہمیشہ ہماری ریاست کو چھوٹی ریاستوں میں توڑنے کا خواب دیکھتے تھے جو ایک دوسرے کے خلاف لڑیں گی،" انہوں نے مزید کہا کہ مغرب روس کو اپنی "کالونی" بنانا چاہتا تھا۔