کار ساز حادثہ کیس میں ملزمہ نتاشا دانش کی ضمانت منظور

10:01 AM, 30 Sep, 2024

ویب ڈیسک: سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں کار ساز حادثہ کیس میں ملزمہ نتاشہ دانش کی ضمانت منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے ملزمہ نتاشہ کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ ملزمہ کار ساز حادثہ کیس میں پہلے مقدمے میں ضمانت پر ہے۔

فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ  نے کہا کہ ہماری ایک ایف آئی آر میں درخواست ضمانت منظور کی جاچکی ہے،اس کیس کی مین ایف آئی آر میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ جب نتاشہ گاڑی چلا رہی تھی وہ اس وقت نشے کی حالت میں تھی۔

فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ  نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں بھی ابہام ہے کیونکہ بلڈ میں میتھا فیٹا مائن موجود نہیں لیکن یورین میں موجود تھا۔

عدالت نے سرکاری وکیل سےسوال کیا کہ یورین میں میتھا فیٹا مائن کی کتنی مقدار موجود تھی؟۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ اسکی مقدار کے حوالے سے میڈیکل رپورٹ میں مینشن نہیں کیا گیا ہے۔

فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ  نے کہا کہ نتاشہ کا سائیکیٹرسٹ سے برسوں سے علاج بھی جاری ہے،ایسا بھی ممکن ہے کوئی ایسی دوا دی گئی ہو جسکا ذکر میڈیکل رپورٹ میں آیا ہوں۔

جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کہ یہ بھی ایک بڑی بات ہے کہ اس کیس کے متاثرین کی جانب سے ملزمہ کے ساتھ صلح کرلی گئی ہے،ملزمہ تین بچوں کی والدہ ہے اور پچھلے ڈیڑھ ماہ سے جیل میں ہے۔

بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے ملزمہ نتاشا کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی۔

 تحریری حکم نامہ جاری

سندھ ہائیکورٹ نے کارساز حادثہ کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ نتاشا کے خلاف میڈیا اور سوشل میڈیا پر خبریں چلائی جارہی ہیں،اس طرح کی خبروں کا کوئی اثر عدالت پر نہیں ہوتا وہ قانون کے مطابق کاروائی جاری رکھتی ہیں،مقدمے میں جو دفعات لگائی گئی ہیں وہ شراب نوشی کے زمرے میں آتی جسکی زیادہ سے زیادہ سزا تین سال ہوتی ہے۔

 تحریری حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ جسم سے آئیس پینے کی رپورٹ پر شرابی نوشی کی دفعات لگائی گئی جس کا فیصلہ ٹرائل کورٹ نے کرنا ہے،جس مقدمے میں زیادہ سے زیادہ تین سال ہوسکتی ہے تو اس کیس میں عام طور پر ملزم ضمانت کا مستحق ہوتا ہے،ایسے کیس میں ضمانت کس طرح سے رد کی جاسکتی ہے جبکہ اسکے مین کیس میں فریق صلح کر چکے ہوں۔

تحریری حکم نامہ میں مزید کہاگیا ہے کہ اس کیس میں یہ بات بھی اہم ہے کہ خون کی رپورٹ کلئیر ہے اور یورین میں آئیس پائی گئی،درخواست گزار تین بچوں کی والدہ ہیں اور چھ ہفتوں سے جیل میں ہونے کی وجہ سے اپنے بچوں سے الگ ہیں،ٹرائل کورٹ میں کیس کا چالان جمع کروایا جاچکا ہے اور تفتیش مکمل کی جاچکی ہے، تمام باتوں اور دلائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ملزمہ نتاشہ کی ضمانت دس لاکھ روپے کے عوض منظور کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ پولیس کی جانب سے ملزمہ کے خلاف امتناع منشیات کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس نے منشیات کے استعمال کے بعد کار ڈرائیو کرنے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ملزمہ کے وکلاء کی جانب سے ٹرائل کورٹ کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔ملزمہ کو مین کیس میں پہلے ہی ضمانت دی جاچکی ہے۔

واضح رہے کہ 13 ستمبر کو کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا، حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

21 اگست کو سٹی کورٹ کراچی نے کار ساز ٹریفک حادثے کے کیس میں ملزمہ نتاشا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، واقعے میں باپ اور بیٹی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

23 اگست کو کارساز سروس روڈ حادثے کی نئی فوٹیج سامنے آگئی تھی جس میں پتا چلا کہ خاتون نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک اور موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو روند ڈالا۔

29 اگست کو کراچی میں کارساز سروس روڈ ٹریفک حادثے کے کیس میں تفتیشی حکام نے مقدمے میں مزید دفعات شامل کرنے کے لیے قانونی مشاروت شروع کردی تھی جب کہ 28 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی میڈیکل رپورٹ تفتیشی حکام کو موصول ہوگئی تھی، پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ یورین رپورٹ میں ملزمہ کے آئس استعمال کرنے کے شواہد ملے ہیں۔

31 اگست کو کراچی میں کارساز سروس روڈ ٹریفک حادثے کے کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا دانش پر منشیات استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

4 ستمبر کو کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کارساز حادثہ کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کرلی تھی جب کہ ملزمہ کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔

6 ستمبر کو کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی تھی جب کہ منشیات ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔

مزیدخبریں