نیپال: شدیدبارشیں،سیلاب،لینڈسلائیڈنگ نے تباہی مچادی، 148 افراد ہلاک،سینکڑوں لاپتہ

10:31 AM, 30 Sep, 2024

ویب ڈیسک: نیپال میں شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب میں اب تک 148 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور بہت سے لوگ لاپتہ ہیں۔ مشرقی اور وسطی نیپال کا ایک بڑا حصہ جمعہ سے زیر آب ہے اور ملک کے کئی حصوں میں اچانک سیلاب آ گیا ہے۔

مسلح پولیس فورس کے ذرائع کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 64 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وادی کھٹمنڈو میں سب سے زیادہ 48 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کم از کم 195 مکانات اور 8 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے تقریباً 3100 افراد کو بچا لیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے وادی کھٹمنڈو میں گزشتہ 40-45 سالوں میں اتنا تباہ کن سیلاب نہیں دیکھا۔ مسلح پولیس فورس نے ایک بیان میں کہا کہ مرنے والوں کی تعداد 148 تک پہنچ گئی ہے۔

انٹرنیشنل سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیویلپمنٹ (آئی سی آئی ایم او ڈی) نے کہا کہ کھٹمنڈو کی اہم ندی باگمتی جمعہ اور ہفتہ کو مشرقی اور وسطی نیپال میں طوفانی بارشوں کے بعد خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔

اس نے کہا کہ خلیج بنگال میں کم دباؤ کے نظام اور مون سون کی صورتحال کی وجہ سے ہفتہ کو غیر معمولی شدید بارش ہوئی۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پورے ایشیا میں بارشوں کی مقدار اور وقت تبدیل ہو رہا ہے۔

نیپال کے کئی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ کئی شاہراہیں اور سڑکیں بند ہیں، سینکڑوں گھر اور پل بہہ گئے ہیں اور سینکڑوں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ سڑک بلاک ہونے کی وجہ سے ہزاروں مسافر مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں