اڈیالہ جیل کے لاپتا سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم گھر پہنچ گئے

10:44 AM, 30 Sep, 2024

ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل کے لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ گھر پہنچ گئے۔

 تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جو 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات سے لاپتا  تھے، واپس گھر پہنچ گئے۔محمد اکرم پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کا الزام تھا۔

یاد رہے کہ  چند دن قبل ڈی آئی جی پریژن آفس کا اسسٹنٹ ناظم شاہ بھی گھر واپس پہنچا تھا، جو محمد اکرم کے ساتھ لاپتا ہوا تھا۔ محمد اکرم اور ناظم شاہ کے ساتھ لاپتا ہونے والے سابق ڈپٹی سپریٹنڈنٹ ظفر غوری 17 اگست کو پہلے ہی اپنے گھر واپس پہنچ گئے تھے۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم آئی ایس آئی یا ایم آئی کی تحویل میں نہیں ہیں جب کہ وزارت دفاع کی جانب سے بھی عدالت میں تحریری بیان داخل کیا گیا تھا۔

بعد ازاں کیس کی سماعت میں سی پی او راولپنڈی کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ اکرم کی بازیابی کے لیے 14 روز کی مہلت طلب کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ محمد اکرم کی گمشدگی کا کیس آج لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔محمد اکرم 25 ستمبر کو گھر پہنچے تاہم ان کے اہل خانہ نے واپسی کی اطلاع کسی کو نہیں دی۔

مزیدخبریں