IMF قرض پروگرام کے بعد بیوروکریسی کی شاہ خرچیاں، لگژری گاڑیاں خریدنے کی منظوری

03:01 PM, 30 Sep, 2024

دانش منیر

ویب ڈیسک: (دانش منیر) آئی ایم ایف سے قرض پروگرام منظور ہوتے ہی بیوروکریسی کی شاہ خرچیاں اپنے عروج کو پہنچ گئیں۔ پنجاب میں 20 پارلیمانی سیکرٹریز کیلئے لگژری گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں اجلاس نے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی سیکرٹریز کیلئے مہنگی ترین لگژری گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی۔ 

پبلک نیوز کو موصول سرکاری دستاویزات کے مطابق 20 لیگی پارلیمانی سیکرٹریز کے پاس لگژری گاڑیاں موجودہونے کے باوجود اضافی 20 گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی گئی۔ 

مسلم لیگ ن کے نامزد کیے گئے پارلیمانی سیکرٹریز کو کروڑوں روپے کی نئی گاڑیاں دی جائیں گی۔ جو 61 کروڑ 24 لاکھ 75 ہزار روپے کی لاگت سے خریدی جائیں گی۔ دستاویزات کے مطابق افسران کیلئے مہنگی ترین 76 گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ پارلیمانی سیکرٹریز 22 کروڑ سے 29 لگژری گاڑیاں، ایس اینڈ جی اے ڈی کیلئے 9 کروڑ 96 لاکھ سے 15 گاڑیاں خریدی جائیں گی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور کی جانب سے 76 لگژری گاڑیاں خریدنے کی درخواست کی گئی تھی۔ 

ایس اینڈ جی اے ڈی کے پروٹوکول کیلئے 3 کروڑ 61لاکھ سے دو لگژری گاڑیاں بھی انڈس موٹرز سے خریدی جائیں گی۔ صوبائی وزراء کے پروٹوکول کیلئے 20 کروڑ 90 لاکھ روپے سے 30 لگژری گاڑیاں بھی خریدی جائیں گی اور ایک کروڑ 74 لاکھ 95 ہزار روپے گاڑیوں پر ٹیکس بھی ادا کیا جائے گا، 30 گاڑیوں کی سجاوٹ کیلئے 3 کروڑ مزید خرچ کیے جائیں گے۔

پارلیمانی سیکرٹریز کیلئے صرف 9 گاڑیوں کی ضرورت تھی مگر 20 اضافی گاڑیاں بھی خریدنے کی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں