جعلی اکاؤنٹ کڈنی ہلز ریفرنس، سینیٹر سلیم مانڈوی والاسمیت دیگر ملزمان  بری

04:36 PM, 30 Sep, 2024

(ویب ڈیسک )   احتساب عدالت اسلام آباد نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون سمیت دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔

نیب سے ملزمان کو ریلیف ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو بھی بڑا ریلیف مل گیا۔ احتساب عدالت نمبر 1 کے جج ناصر جاوید رانا نے جعلی اکاؤنٹ کڈنی ہلز ریفرنس کی سماعت کی۔

چیئرمین نیب نے استدعا کی کہ عدالت قانون کے مطابق تمام ملزمان کو بری کردے، چار ستمبر کے نیب ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کے فیصلے کے مطابق ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ ہوا ، ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں دستیاب شواہد کا جائزہ لیا گیا، پراسیکیوٹر جنرل کیساتھ مشاورت کے بعد چیرمین نیب اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ ریفرنس نہیں بنتا تھا۔

چیرمین نیب نے سلیم مانڈوی والا اور دیگر ملزمان کے خلاف اپنا ہی دائر کردہ ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے عدالت سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست کی۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کردیا۔

واضح رہے کہ 7 ملزمان کیخلاف جنوری 2021 میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں