آرٹیکل 63 اے کی تشریح،  جسٹس منیب نے آج کے حکمنامے کو غیر قانونی قرار دیدیا

09:21 PM, 30 Sep, 2024

(ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ میں   آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق نظرثانی کیس کی سماعت ہوئی۔ اس پر جسٹس منیب اختر نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ایک اور خط لکھ دیا ہے اور  آج کی سماعت کے حکمنامے کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

جسٹس منیب اختر نے خط میں کہا کہ پانچ رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی، چار رکنی بنچ عدالت میں بیٹھ کر آرٹیکل 63 اے سے متعلق نظرثانی کیس نہیں سن سکتا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آج کی سماعت کا حکمنامہ مجھے بھیجا گیا، حکمنامے میں میرا نام لکھا ہوا مگر آگے دستخط نہیں، بنچ میں بیٹھنے والے چار ججز قابل احترام ہیں مگر آج کی سماعت قانون اور رولز کے مطابق نہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ  اپنا موقف پہلے خط میں تفصیل سے بیان کر چکا ہوں، آج کی سماعت کے حکمنامے پر احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتا ہوں،آج کی سماعت کا حکمنامہ جوڈیشل آرڈر نہیں، آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق نظرثانی کیس کے حکمنامہ کی کوئی حیثیت نہیں۔

مزیدخبریں