اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امید ہے افغان عوام کی 40سالہ دکھوں کی داستان جلد ختم ہو گی.
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فوادحسین نے کابینہ اجلاس پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہیں کہ افغانستان میں امن و استحکام کا سورج جلد طلوع ہو، کابینہ نے افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہا رکیا ہے، افغانستان میں حکومت سازی افغان عوام کا حق ہے، افغان عوام کی ہرممکن معاونت کیلئے پرعزم ہیں.
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ افغان عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کریں گے، امید ہے افغان عوام کی 40سالہ دکھوں کی داستان جلد ختم ہو گی، پی آئی اے واحد ایئر لائن ہے جس نے مزار شریف میں امدادی سامان پہنچایا، ہماری کوشش ہے کہ غیرملکیوں کے انخلاء میں زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جائے، تمام خواہشمند پاکستانی خاندانوں کوکابل اور گردونواح سے نکال لیا گیا ہے، اب تک 10ہزار 302غیر ملکی شہریوں کے افغانستان سے انخلاء میں معاونت کر چکے ہیں، افغانستان سےعالمی تنظیموں کے اہلکاروں کے انخلاء میں پاکستان کی معاونت کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے.
ان کا کہنا تھا کہ چمن بارڈر پرمعمول کی تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں، کابینہ اجلاس میں ڈاکٹر عشرت حسین کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے،عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت نیچے لانے کی ہدایت کی ہے، موجودہ حکومت پہلی حکومت ہے جو انتخابی اصلاحا ت پر کام کر رہی ہے، تاہم اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے حوالے سے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی.
وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے اپوزیشن کی تجاویز کا خیر مقدم کرینگے، حکومت انتخابات کا طریقہ کار غیر جانبدارانہ ، شفاف اور منصفانہ بنانا چاہتی ہے، موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کیے، روس کے ساتھ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے بات چیت ہورہی ہے، وزیرخارجہ نے برطانوی ہم منصب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا مطالبہ کیا.
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 14لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی، 17سال تک کی عمر کے بچوں کو بھی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،این سی او سی کے کورونا وبا سے نمٹنے کے اقدامات کو سراہتے ہیں، کابینہ کو ای الیون سیکٹر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا ، سیکٹر ای الیون میں سی ڈی اے کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا، کابینہ اجلاس کو حالیہ مثبت اقتصادی اعشاریوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، گزشتہ سال 4700ارب روپے ٹیکس ریونیو کی مد میں جمع کیے گئے.
وزیر اطلاعات نے کہا اجلاس میں کابینہ کمیٹی کے 25 اگست کے فیصلوں کی توثیق کی گئی،کابینہ اجلاس کو جون 2021تک کے گردشی قرضوں پر بریفنگ دی گئی، گردشی قرضوں کا حجم 450ارب سے کم ہو کر 150ارب روپے رہ گیا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 688 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کررہے ہیں، کابینہ کو بتایا گیا کہ سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے اشتہار دیا جاچکاہے.
انہوں نے کہا نئے افغان حکام نے افغان سرزمین کسی دوسری ملک کے خلاف استعمال کی اجازت نہ دینے کی یقین دہائی کرائی ہے، بھارت کی طرف سے افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیاگیا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ،شہبازشریف کے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوتو وہ جلد جیل میں ہونگے،آرٹیکل 190کے تحت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے پابند ہیں.