اگر دھاندلی نہ رکی تو ہم سڑکوں پر آئیں گے

10:41 AM, 31 Aug, 2021

اویس
لاہور ( پبلک نیوز)مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان 12 ستمبر کو کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کروا رہا ہے ،الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ پولنگ کا وقت کم نہ کیا جائے اور انتخابی نتائج کا اعلان اسی رات کیا جائے ، کنٹونمنٹ بورڈ میں کچھ دن پہلے تک پرامن انتخابی مہم چل رہی تھی ، اب ہمیں معلومات ملی ہیں کہ وزیراعظم کے حکم پر وزیراعلی پنجاب کو متحرک کر کے وہاں دھاندلی کا پلان بنایا گیا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت پہلے ہی بارود کے ڈھیر پر بیٹھی ہے ، حکومت پیسے بانٹنا بند کرے، الیکشن کمیشن اپنا بھرپور کام کرے ، 4 ریٹرننگ افسران کو اپنی ڈیوٹی کرنے دیں ، سی سی پی اوز انتخابی مداخلت سے گریز کریں ، لاہور شہر کو آتش فشاں بنانے سے بھی گریز کیا جائے، امیدواروں کے لئے 2 لاکھ روپے کے انتخابی اخراجات کی پابندی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو چوری کرنے کی سازش تیار ہے جس کی ہدایت عمران خان نے دی ، جانے والے ڈپٹی کمشنر یاد رکھیں انہوں نے بہت تنگ کر رکھا تھا ان کے نام پر بھی ہم نے نشان لگا رکھا ہے ، الیکشن کمیشن اپنی آنکھیں کھولے ،نادرا شناختی کارڈز بنانے کے لئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کے ڈیرے پر جا کر نہ بنائے ۔ سعد رفیق نے کہا کہ علاقے میں ترقیاتی کام کی فہرست ہم بھی دے دیتے ہیں ، مسلم لیگ ن کو دھاندلی کے جواب میں سڑکوں پر آنے پرمجبور نہ کیا جائے ، ایس پی کینٹ کا تبادلہ کر دیا گیا ہے جو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ، اگر آپ نے ایسا ہی کرنا ہے تو پھر انتخابات کروانے کی کیا ضرورت ہے ، حکومت اپنی حرکتوں سے باز آ جائے تو بہتر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ بلدیاتی ادارے بحال کر چکی ہے لیکن آپ انہیں کام کرنے نہیں دے رہے ، یہ اب الیکشن کمیشن کا امتحان ہے ، متعلقہ ادارے اور لوگ ہماری بات سن کر فیصلہ کریں اور سب کو لیول پلینگ فیلڈ دیں ،ان کی حرکتیں اپنا وقت مکمل کرنے والی نہیں ہیں ، اگر دھاندلی نہ رکی تو ہم سڑکوں پر آئیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کوئی دھمکی نہیں دی بلکہ واضح بات کی ہے کہ سرکاری اداروں کو استعمال کرنا بند نہ کیا گیا تو ہم احتجاج پر مجبور ہوں گے ، ہم 1997 سے کنٹونمنٹ بورڈ سے انتخابات لڑتے آ رہے ہیں ، گورنر ہاوس میں ملک کا سربراہ کونسلر لیول کے امیدواروں سے ملاقاتوں پر آ جائے گا تو اسی سے اندازہ لگا لیں کہ حالات کہاں پہنچے ہوئے ہیں۔
مزیدخبریں