طالبان کی پنج شیر پر کنٹرول کیلئے کوششیں، امن معاہدہ ختم
10:49 AM, 31 Aug, 2021
کابل ( ویب ڈیسک ) افغانستان میں طالبان اور شمالی اتحاد کے درمیان امن معاہدہ چند روز بھی بحال نہ رہ سکا اور طالبان نے ایک بار پھر پنج شیر پر حملہ کر کے محاصرہ کر لیا ہے ، صوبے کا رابطہ دیگر حصوں سے کٹ کر رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان بھر کے زیادہ تر علاقوں پر طالبان کے کنٹرول کے بعد صوبہ پنج شیر وہ واحد صوبہ ہے جس پر طالبان ابھی تک کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور مبینہ طور پر قبضے کی کوشش میں اب تک سینکڑوں جنگجوؤں سے ہاتھ بھی دھو بیٹھے ہیں۔ طالبان کی طرف سے صوبے پر قبضے میں مسلسل ناکامی کے بعد چند روز قبل ایسی خبریں آئی کہ امن معاہدہ ہو گیا ہے۔ صوبہ پنج شیر کے باہر گھیراؤ کئے ہوئے طالبان کی طرف سے شمالی اتحاد کے ساتھ مذاکرات ہوئے جن میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا، طالبان کی طرف سے یہ یقین دہانی کروئی گئی کہ وہ اب شمالی اتحاد پر مزید حملے نہیں کریں گے اور نہ ہی شمالی اتحاد ان کیخلاف کوئی فوجی طاقت استعمال کریں گے۔ مگر مغربی میڈیا نے اس کو طالبان کی ناکامی سمجھا یا پھر طالبان کو خود احساس ہوا کہ صوبہ پنج شیر ان کی عزت کیلئے کتنا ضروری ہے تو طالبان نے گزشتہ روز دوبارہ صوبہ پنج شیر کا محاصرہ کر لیا ہے، تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پہرہ بٹھا دیا ہے اور مواصلاتی نظام کو جام کر دیا ہے۔