وزیراعظم نے عمران خان کو بڑی پیشکش کردی
05:55 AM, 31 Aug, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بڑی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وہ اپنے اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے قوم کو سوچیں جو اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے یہ بات انٹرنیشنل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ فی الحال اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال ڈالیں اور ہمارے ساتھ مل کر ہم وطنوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں۔ وزیراعظم نے عمران خان کو پیغام دیا کہ میں چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی چیئرمین میرے ساتھ بیٹھیں، ملک اور قوم اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے شدید بحران میں گھری ہوئی ہے، اس سے نکلنے کیلئے امدادی سرگرمیوں میں وہ ہمارا ساتھ دیں۔ شہباز شریف نے سابق وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے مل جل کر اپنے ہم وطنوں کو کرب کی اس سچویشن سے نکالیں، کیونکہ یہ وقت سیاست نہیں بلکہ ان کو مدد فراہم کرنے کا ہے۔ انہوں نے ماضی کی پیشکش کو بھی اس موقع پر دہراتے ہوئے یاد دلایا کہ میں نے عمران خان کو میثاقت معیشت پر سنجیدگی سے غور کرنے کا کہا تھا لیکن انہوں نے اسے ہمیشہ رد کیا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنا ناگزیر ہے اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی ہماری معیشت کیلئے نہایت اہم ہے ،تاہم یہی سب کچھ نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پرواگرام نے پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے ایک راستہ فراہم کیا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو خود کفالت کے حصول کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔