ایشیا کپ : بھارت ہانگ کانگ کو شکست دیکر سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا

05:50 PM, 31 Aug, 2022

احمد علی
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ بھارت نے ہانگ کانگ کو 40 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت کے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں پر 152رنز بناسکی۔ ہانگ کانگ کی جانب سے بابر حیات 41 رنز بناکر نمایاں رہے،یاصم مرتضیٰ 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،نزاکت خان 10 اور کنچٹ شاہ نے 30 رنز بنائے جبکہ ذیشان علی 26 رنز بنا سکے۔ بھارت کی جانب سے بھویشنر کمار، ارشدیپ سنگھ، رویندرجڈیجا اور اویش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں2 وکٹوں پر 192رنز بنائے تھے۔ بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو 26 گیندوں پر 68 ، ویرات کوہلی 44 گیندوں پر 59 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔کے ایل راہول 36 اور کپتان روہت شرما 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے ایوش شکلا اور محمد غضنفر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔ دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔افغانستان گزشتہ روز بنگلادیش کو شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے۔سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
مزیدخبریں