سسرنے بہو کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر چھت سے پھینک دیا

12:39 PM, 31 Aug, 2024

ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے شاد باغ میں تشدد کے ایک المناک واقعے میں ایک خاتون کو اس کے سسر نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چھت سے پھینک دیا۔

خاتون کی شناخت 24 سالہ لائبہ کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کے والد کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق لائبہ کی شادی چھ سال قبل بلال خان سے ہوئی تھی جو مبینہ طور پر منشیات کا عادی ہے اور اپنے والد کے ساتھ مل کر خاتون کو مسلسل زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔

شکایت میں سسر کی طرف سے جنسی زیادتی کے الزامات بھی شامل تھے۔واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر خاتون کے سسر عمر دراز کو گرفتار کر لیا جبکہ تشدد میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں جنسی زیادتی کےواقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، حال ہی میں پنجاب پولیس نے سینیٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق کو رپورٹ کیا کہ صرف 2023 میں صوبے میں خواتین کے خلاف گھریلو تشدد کے 10201 سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔ 2022 کے مقابلے 2023 میں گھریلو تشدد کے واقعات میں 12 فیصد اضافہ ہوا۔

مزیدخبریں