ملزمہ نتاشا کے یورین نمونوں میں آئس کی موجودگی کا انکشاف

03:05 PM, 31 Aug, 2024

ویب ڈیسک: ملزمہ نتاشا نئی مشکل میں پھنس گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے لیے گئے یورین کے نمونوں میں آئس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کارساز روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کی موت کے کیس میں  گرفتار گاڑی کی ڈرائیور ملزمہ نتاشا اقبال کے خلاف نیا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس سرجن کراچی کے دفتر سے حتمی رپورٹ میں ملزمہ ڈرائیور کے یورین کے نمونوں میں آئس کی موجودگی پائی گئی ہے جبکہ ملزمہ کے خون کے نمونے میں کوئی نشہ آور چیز نہیں پائی گئی۔

مقدمے میں نشے کے استعمال سےمتعلق رپورٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ کے مطابق ملزمہ آئس کے نشے میں تھی۔ ملزمہ کا جرم امتناع منشیات پرومیٹشن انفورسمنٹ کی حد کو پہنچتا ہے۔ ملزمہ کیخلاف مذکورہ دفعہ کے تحت درج مقدمے کی روشنی میں بھی تفتیش کی جائے گی۔ مقدمہ ایگزامن رپورٹ پر لیگل برانچ کی ہدایت پر درج کیا گیا۔

کارساز حادثہ کیس میں نئی پیشرفت:

ملزمہ نتاشا کے خلاف قانونی گھیرا مزید تنگ کردیا گیا۔ پولیس نے نئے مقدمہ میں ملزمہ سے تفتیش کےلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔

عدالت نے امتناع منشیات ایکٹ کے نئے   مقدمہ میں پولیس کو تفتیش کی اجازت دے دی۔

عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر جیل میں ضوابط کے مطابق تفتیش کرسکتا ہے۔ ملزمہ سے تفتیش شام 5بجے تک کی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ ملزمہ نتاشا مرکزی مقدمے میں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔

ملزمہ نتاشا کے خلاف میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر گذشتہ روز امتناع منشیات ایکٹ کے تحت نیا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں