لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا لندن جانے کا ابھی کوئی حتمی پلان نہیں ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں بجلی کے نظام میں اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔
نواز شریف نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اخراجات کم کر کے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے۔ 2013 میں بھی ہم نے ورثے میں ملنے والے بجلی کے معاملے کو حل کیا ہے۔
اجلاس میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام بارے بھی بریفنگ دی گئی ، نواز شریف نے بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو سرگرم اور منظم کرنے کے لئے تجاویز اجلاس میں پیش کی گئیں۔ آج کے اجلاس میں پارٹی کی تنظیم کو مضبوط اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج وہی لوگ چیخ رہے ہیں جو ان حالات کو پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ 2017 میں ایک اناپرست اور ضدی نے اپنی ناتجربہ کاری سے ملکی ترقی کو تباہ کیا
پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ آج چور مچائے شور والا معاملہ ہے ، یہ آج کہہ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو سہولیات نہیں دی جا رہیں۔ بانی پی ٹی آئی فائیو سٹار ہوٹل جیسی جیل کاٹ رہے ہیں۔ میری گرفتاری سے 3 دن قبل میری سرجری ہوئی تھی اور مجھے ڈاکٹروں کی ہدایت کے باوجود فزیو تھراپسٹ نہیں دیا گیا تھا۔ ہمیں تو اپنے وکلا سے ملنے کی اجازت بھی نہیں تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسی سیل میں رکھا گیا ہے جس میں مجھے رکھا گیا تھا ۔اگر وہ سیل غلط ہے تو بانی پی ٹی آئی کو پہلے مجھ سے معافی مانگنی چاہیئے ۔ ہم نے بانی پی ٹی آئی سے کوئی بدلہ نہیں لیا ، ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، یہ این آر او چاہتے ہیں مگر انہیں این آر او نہیں ملے گا، انہیں رسیدیں دکھانا پڑی گی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یہ ہم سے بھی رسیدیں مانگتے تھے، 190 ملین پاونڈ سے متعدد یونیورسٹیاں اور ہسپتال بن سکتے تھے۔انہوں نے چند ہیروں کے لئے اتنا پیسہ ضائع کر دیا ۔انہیں خود کو بے گناہ ثابت کرنا ہو گا ۔ورنہ انہیں اپنے جرائم کا حساب دینا ہو گا۔بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولتیں دینا ہماری فراخ دلی ہے۔ پنجاب حکومت نے 14 روپے فی یونٹ ریلیف دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہم پاور سیکٹر میں 4 دہائیوں کے نقائص دور کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ 2013 میں 18، 18 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ختم کی تو آئندہ ایک دو سالوں میں بجلی کی نرخوں میں کمی لائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کل وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے اور دیگر قائدین سے بھی ملیں گے اور بلدیاتی انتخابات بھی قوانین میں ترمیم کے فوری بعد ہو جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے طرز سیاست سے 9 مئی کے واقعات پر معافی تک مذاکرات نہیں ہو سکتے۔9 مئی پاک فوج کا 11 ستمبر ہے۔ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا سیل پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنا رہا ہے۔ امریکی کانگریس میں قرارداد بھارتی لابی سے مل کر منظور کروائی گئی۔ لوگوں سے کیسے مذاکرات ہو سکتے ہیں، پی ٹی آئی کو ملک دشمن سیاست پر قوم سے معافی مانگنا ہو گی پھر ان سے بات ہو سکے گی۔ ملک میں مہنگائی میں کمی آئی ہے جو کہ مثبت اشارے ہیں۔ آج مہنگائی، بے روزگاری، قرضوں کے حجم میں کمی آئی ہے۔ سٹاک مارکیٹ آج بہتر ہو رہی ہے۔
آج ملک میں امن اور پالیسیوں کے استحکام کی ضرورت ہے ، نواز شریف کا لندن جانے کا ابھی کوئی حتمی پلان نہیں ہے۔