بجلی بلوں میں عوام کو ملنے والے ریلیف کی تفصیلات سامنے آگئیں

09:35 PM, 31 Aug, 2024

ویب ڈیسک: پنجاب کی سینیئر  وزیر مریم اورنگزیب نے بجلی بلوں میں عوام کو ملنے والے ریلیف کی تفصیلات جاری کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں 201 تا 500 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو 14 روپے یونٹ کمی کا ریلیف پہنچنے لگا ہے، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، اسلام آباد کی بجلی کمپنیوں کے صارفین کو ریلیف دیا گیا، مجموعی طور پر35 لاکھ 16 ہزار 877 بجلی صارفین کو ریلیف دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایک سے 200 یونٹ والے بجلی صارفین کو 50 ارب روپےکا ریلیف دیا جبکہ وزیراعلی پنجاب نے مشکل معاشی حالات میں بھی ناممکن کام ممکن کر دکھایا، عوام کو مزید ریلیف بھی دیں گے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا نواز شریف دور کی روٹی، بجلی کو پی ٹی آئی حکومت نے مہنگا کیا، ہم سستا کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کی پاکستان کو دوبارہ ضرورت بانی پی ٹی آئی کی معاشی تباہی کی وجہ سے پڑی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا پانچوں کمپنیوں کی جانب سے ریلیف والے بلوں کی پرنٹنگ اور ترسیل کاعمل جاری ہے، لاہور الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 8 لاکھ 40 ہزار صارفین کو ریلیف دیا گیا جبکہ ملتان الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 6 لاکھ 53 ہزار 883 صارفین کو ریلیف ملا۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 5 لاکھ 6 ہزار 139 صارفین کو ریلیف ملا، گوجرانوالہ الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 31 ہزار 305 صارفین اور اسلام آباد الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 85 ہزار 550 صارفین کو ریلیف ملا۔

پنجاب کی سینیئر وزیر کا کہنا تھا صفر سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو مفت سولر سسٹم دیں گے اور 201 سے 500 یونٹ والے صارفین کو بلاسود سولر سسٹم آسان اقساط پر ملے گا۔
 
 

مزیدخبریں