دی راک اور وین ڈیزل کے درمیان رنجش کھل کر سامنے آگئی
04:01 AM, 31 Dec, 2021
لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور اداکاروں وین ڈیزل اور ڈیوائن جانسن ( دی راک) کے درمیان تنازع اور رنجش کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ دی راک نے فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیورس کی اگلی فلم میں کام کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دی راک کا کہنا تھا کہ میں وین ڈیزل کی جانب سے فاسٹ اینڈ فیورس کے 10ویں حصے میں کام کرنے کی درخواست کو ہیرا پھیری سمجھتا ہوں۔ مجھے ان کیساتھ اداکاری کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ دی راک کا کہنا تھا کہ میں حیران ہوں کہ وین ڈیزل نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں مجھے کیسے براہ راست مخاطب کیا، یہ اقدام میرے نزدیک ہیرا پھری ہے۔ ڈیوائن جانسن نے کہا کہ مجھے اس بات پر بھی اعتراض ہے کہ ساتھی اداکار نے اپنی پوسٹ میں ناصرف میرا بلکہ اپنے بچوں اور آنجہانی پال واکر کا بھی ذکر چھیڑا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جون 2021ء میں میری اور وین ڈیزل کی اس معاملے کو حل کرنے کیلئے باقاعدہ ملاقات ہوئی تھی۔ میں نے انھیں واضح کر دیا تھا کہ میری فاسٹ اینڈ فیورس میں واپسی ناممکنات میں سے ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ میں فلم کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ ڈیوائن جانسن فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیورس کا ایک اہم حصہ سمجھے جاتے تھے لیکن انہوں نے آئندہ اس بینر کی کسی بھی فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد ہالی ووڈ میں یہ افواہیں گردش کرنا شروع ہو گئی کہ ان کا وین ڈیزل کیساتھ تنازع چل رہا ہے، حتیٰ کے دونوں کے درمیان جھگڑے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔ تاہم وین ڈیزل کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ڈیوائن جانسن فاسٹ اینڈ فیورس سیریز کا حصہ رہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے فلموں میں اداکاری کیلئے ان سے خصوصی درخواست بھی کی تھی۔ اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں وین ڈیزل نے لکھا تھا کہ میرے چھوٹی بھائی ڈیوائن اب وقت آ چکا ہے کہ فاسٹ اینڈ فیورس میں کام کیا جائے کیونکہ دنیا اس کے 10ویں اور فائنل حصے کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے۔