’پی ٹی آئی نے اپنے ایک رکن پنجاب اسمبلی کو نااہل قرار دیدیا ہے ‘
11:47 AM, 31 Dec, 2022
لاہور: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ناصر حسین شاہ اور شرجیل انعام میمن کے خلاف پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں الیکشن نہ کروانے کے معاملے پر ہماری عدالت سے یہ درخواست ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو کام سے روکا جائے ، عدالت جائزہ لے اور اپنا فیصلہ لے ۔ انہوں نے کہا کہ کل ہماری 2 ایم پی ایز فرحت فاروق اور راشدہ بیگم میڈیا پر آئیں اور ان کا واضح طور پر یہ کہنا تھا کہ شرجیل میمن اور ناصر علی شاہ کے ذریعے سے ہم سے رابطہ کیا گیا تھا اور پیسوں کی آفر بھی کی گئی تھی ، یہ کرپٹ پریکٹس میں آتا ہے اور انتہائی سنگین جرم بھی ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں شرجیل میمن اور ناصر حسین شاہ کے خلاف پرچہ دائر کیا جائے گا ۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا ہمارے رحیم یار خان سے ایم پی اے خواجہ مسعود جنہوں نے پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے انہیں نااہل ڈکلیئر کر دیا ہے اور پی ٹی آئی نے بھی اس ضمن میں اپنی کارروائی مکمل کر لی ہے، ہم اس حوالے سے اسپیکر کو کہہ دیا ہے کہ خواجہ مسعود کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیج دیں۔ رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے ، اس کی سنجیدگی کا عالم یہ ہے کہ جو صوبہ سب سے زیادہ دہشتگردی سے متاثر ہے اسے ہی اس اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ۔