اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے نیو ائیر نائٹ کیلئے سکیورٹی پروگرام جاری کردیا

01:41 PM, 31 Dec, 2022

احمد علی
اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے لئے سکیورٹی پروگرام جاری کر دیا ہے۔ ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ نیو ائیر نائٹ پر 3000 سے زائد افسران و جوان فرائض سرانجام دیں گے ۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے موٹرسائیکل ڈبل سواری پر پابندی ہے ۔ شہر کے داخلی، خارجی راستوں اور اندرون شہر سخت چیکنگ ہوگی ۔ ترجمان کے مطابق تمام زونل افسران خود اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں گے ، ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، ون ویلنگ کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ٹریفک افسران کو ٹریفک کی روانی یقینی بنانے، ون ویلنگ کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایات کی گئی ہے ، مارکیٹوں، عوامی مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے ، مشکوک گاڑیوں اور افراد کے خلاف سخت چیکنگ بھی کی جائے گی ۔ عوام خصوصاً نوجوانوں سے گزارش ہے کہ وہ کوئی غیر قانونی فعل نہ کریں ، شہری دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں ، دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پکار 15 پر کریں ۔
مزیدخبریں