اسرائیلی فوج کا غزہ اسپتال پرحملہ ،نذر آتش، مریضوں کے انڈروئیر اتروا دئیے

01:54 PM, 31 Dec, 2024

ویب ڈیسک : اسرائیلی فوج  کاغزہ کے کمال عدوان اسپتال پر حملہ، زیر علاج فلسطینیوں کو اسپتال سے نکال  کر اسپتال کو آگ لگا دی۔ بیمار فلسطینیوں کے انڈروئیر اتروا دئیے ۔

اسپتال سے نکالے گئے زخمی فلسطینیوں  نے کہا   ہےکہ، انہیں سخت  سردی کے موسم میں گھنٹوں تک اپنے زیر جامہ اتارنے پر مجبور کیا گیا۔

45 سالہ وسام  کے مطابق  اسرائیلی فوج نے صبح 4 بجے اسپتال کا گھیراؤ کیا اور اسپتال کے آس پاس کی تمام عمارتوں کو جلا دیا، فوجیوں نے اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو حراست میں لینے سے پہلے تمام مریضوں کو اسپتال سے باہر لے جانے کا حکم دیا۔

وسام نے کہا، انہوں ( اسرائیلی فوج) نے لاؤڈ اسپیکر پر اعلان کیا کہ ان کے پاس مریضوں کو نکالنے کے لیے 10 منٹ کا وقت ہے، اور انہوں نے  ڈرانے کے لیے اسپتال کے ارد گرد   بمباری ا شروع کر دی۔ 

اسرائیل کی فوج کے مطابق، کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ابو صفیہ سمیت 240 سے زائد عسکریت پسندوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اسپتال کے حکام نے اسرائیلی دعوؤں کی تردید کی ہے۔

دیگر مریضوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے انہیں کھانا یا پانی فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

ایک مریض رمضان الاسود نے بتایا کہ، سب سے مشکل بات یہ تھی کہ ہم سردی کا سامنا کر رہے تھے اور ایسے میں ہمیں بے عزتی اور توہین کے ان لمحات میں کپڑے نہیں مل رہے تھے۔

کمال عدوان اسپتال کے عملے کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران اسپتال کو متعدد بار نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیل نے جبالیہ، بیت حنون اور بیت لاہیہ کے علاقوں میں خوراک یا طبی امداد کی ترسیل پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔

کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر کی رہائی کی اپیل

شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر کے خاندان نے بین الاقوامی برادری اور اسرائیلی فوج سے ان کی رہائی کی درخواست کی ہے۔

ابو صفیہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ، اسرائیلی قید میں انہیں طبی دیکھ بھال نہیں دی جا رہی اور ابو صفیہ کو اسرائیلی حراستی مرکز میں شدید سردی میں رکھا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل نداو شوشانی نے کہا کہ ابو صفیہ سے، فی الحال دہشت گردانہ سرگرمیوں میں اس کے ممکنہ ملوث ہونے سے متعلق پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔

اسرائیلی فوجیوں نے کمال عدوان اسپتال سے عملے اور مریضوں کو نکال دیا تھا، جہاں اس نے 240 افراد کو عسکریت پسند قرار دیتے ہوئے حراست میں لے لیا اور انہیں تفتیش کے لیے اسرائیل لے گئے۔

اسرائیل نے الزام لگایا کہ حماس اس سہولت کو استعمال کر رہی ہے جس کی ہسپتال کے حکام نے تردید کی ہے۔

شمالی غزہ میں اسرائیل کے تازہ ترین فوجی حملے نے علاقے کو بڑی حد تک الگ تھلگ کر دیا ہے، وہاں کے اسپتالوں تک بہت کم طبی یا دیگر امداد پہنچانے کی اجازت ہے۔

پیر کے روز، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں نے، شمالی غزہ میں طب کے نظام کو ختم کر دیا ہے۔ تنظیم نے یہ بھی واضح کیا کہ اب کمال عدوان اور انڈونیشیائی اسپتال مکمل طور پر ناکارہ ہیں۔

مزیدخبریں