راوی ریور منصوبہ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل
08:33 AM, 31 Jan, 2022
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب حکومت کو بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت عظمیٰ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب حکومت کو راوی اربن منصوبہ پر کام جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جن زمینوں کی مالکان کو ادائیگی ہو چکی، ان پر کام جاری رکھا جا سکتا ہے، تاہم جن زمینوں کے مالکان کو ادائیگی نہیں ہوئی وہاں کام نہیں ہو سکتا۔ عدالت عظمیٰ نے حکومتی اپیلوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ جائزہ لینگے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل بنتی ہے یا نہیں، اگر انٹراکورٹ اپیل بنتی ہوئی تو کیس لاہور ہائیکورٹ بھجوا دینگے۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے وکیل کا سپریم کورٹ میں معزز ججز سے کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے آرڈیننس کو اجرا کو تقویض کردہ اختیار قرار دیا ہے۔ ہائیکورٹ میں درخواست گزار ہائوسنگ سوسائٹیز تھیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے امریکی آئین کا حوالہ دیا ہے۔ امریکی اور پاکستانی حالات اور آئین مختلف ہیں۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز کا تو مفادات کا ٹکرائو واضح ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے اعتراض اٹھایا گیا ہے کہ مداخلت نہیں کر سکتی۔ عدالت عظمیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے پوچھا ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل کیوں دائر نہیں کی گئی۔ پنجاب حکومت نے جواب دیا کہ ریلیف کا فورم سپریم کورٹ ہے۔ ہم تمام سوالات کا بغور جائزہ لیں گے۔ مقدمے کی سماعت میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ اس سوال کا بھی جائزہ لے گی انٹرا کورٹ اپیل کیوں دائر نہیں کی گئی۔ فریقین ایک ماہ میں اضافی دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں۔