یوسف رضا گیلانی اپوزیشن لیڈر کی نشست سے مستعفی

11:13 AM, 31 Jan, 2022

Rana Shahzad

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر سینیٹ میں حکومت کو فائدہ پہنچانے کے الزام پر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اتنے اہم ایجنڈے کے لیے موقع ملنا چاہیے تھا، ملکی سطح کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن نہیں لیا گیا، بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا، کمیٹیاں اس لیے بنائی گئی ہیں تاکہ وہاں بحث ہو، رات کے وقت بل کو ایجنڈے پرلانا مناسب نہیں تھا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین اور اسپیکر ایوان کے کسٹوڈین ہوتے ہیں، وہ ہاؤس کی نمائندگی کرتےہیں، حکومت کی نہیں لہٰذا چیئرمین اور اسپیکر کا کردار غیرجانبدار ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 27 جنوری کوا یجنڈا میرے اسٹاف کو رات 11:50 اورمیرے گھر پر ایک بجے پہنچا۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بل پر ووٹنگ پر 30 منٹ کے لیے چیئرمین نے اجلاس ملتوی کیا، آپ نے حکومت کو سہولت دی اپوزیشن کو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت اپوزیشن لیڈر اپنااستعفیٰ پارٹی کو دے دیا ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا۔

واضح رہےکہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر اپوزیشن کو ایک ووٹ سے شکست ہوئی تھی اور اس دوران ایوان میں یوسف رضا گیلانی کی عدم حاضری پر اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ حکومتی وزرا نے گیلانی کا شکریہ ادا کیا تھا۔

مزیدخبریں