طالبان نے افغان کامیڈین کے قتل کا اعتراف کر لیا

09:28 AM, 31 Jul, 2021

حسان عبداللہ
کابل(پبلک نیوز) طالبان کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ کامیڈین نذر محمد المعروف خاشہ زوان کو انکے دو جنگجوؤں نے قتل کیا جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے. عالمی میڈیا کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قندھار سے تعلق رکھنے والے خاشہ زوان کو گرفتار کرنے والے دونوں مسلح افراد طالبان جنگجو تھے۔ ترجمان طالبان نے کہا ہے کہ کامیڈین کو قتل کرنے والے افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان پر مقدمہ چلایا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ مزاحیہ اداکار صوبہ قندھار کے جنوبی حصے سے تعلق رکھتا ہے اور وہ افغان نیشنل پولیس کا بھی رکن تھا اور اسے طالبان پر تشدد کرنے اور انہیں قتل کے جرم میں ملوث پایا گیا تھا۔ ذبیح اللہ مجاہد نے بیان میں کہا طالبان کو کامیڈین کو گرفتار کرنا چاہیے تھا اور اسے قتل کرنے کے بجائے اسے طالبان کی عدالت میں پیش کرنا چاہیے تھا۔ واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے اس سے قبل کامیڈین کے قتل میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی گئی تھی، تاہم اس حوالے سے متضاد خبریں سامنے آ رہیں تھیں‌.
مزیدخبریں