مشکل فیصلے کر کے ملک کو بچایا، مفتاح اسماعیل
09:59 AM, 31 Jul, 2022
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنی سیاسی ساکھ کی قیمت پر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ اپنے متعدد ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے آخری سال میں پاکستان کو بلند ترین تجارتی خسارہ ہوا جب پاکستان نے اسی ارب ڈالر مالیت کی اشیا درآمد کیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے ہر سال کے دوران بجٹ خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہا۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ جب عمران خان اقتدار میں آئے تو ڈالر کی قدر ایک سو بائیس روپے تھی لیکن جب وہ گئے تو ڈالر کی قدر ایک سو نوے روپے تھی اور عمران خان جب اقتدار میں آئے تو پاکستان پر قرض پچیس ہزار ارب تھا جو ان کی حکومت کے اختتام پر چوالیس ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا۔ مفتا ح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے توانائی کے شعبے کو سنجیدہ مسائل کے ساتھ چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ گیس اورا یندھن کے لئے کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا اور صرف آخری سال کے دوران توانائی کے گردشی قرضے میں ساڑھے آٹھ سو ارب روپے اضافہ ہوا۔