' پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ملک تباہ کرنے کے مترادف ہے'
01:09 PM, 31 Jul, 2022
پشاور: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو ووٹ دینا ملک تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی کمزوریوں کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں بدنظمی پیدا ہو گئی۔ ریاست کو قبائلی علاقوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، کہا گیا کہ فاٹا کا انظمام ہوگا تو قبائلی علاقوں کا درجہ باقی اضلاع کے برابر ہو جائے گا، آج حقیقت یہ ہے کہ قبائلی علاقے میں نہ انتظامیہ ہے نہ ہی پولیس۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ طاقت ور عقل سے عاری ہیں، جو عقل مند ہیں وہ طاقت سے عاری ہیں، اس ہفتے وزیراعظم سے ملاقات کروں گا، قبائلی لوگوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی نوجوان اپنے مستقبل کے لیے پریشان ہے، قبائلی علاقوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ کہتے رہے ہیں کہ انہوں نے ملک کو آئی ایم ایف کو بیچ دیا ہے، پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا مقصد ملک کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ منگل اور بدھ کو حکمران اتحاد کا اجلاس ہوگا،جس میں معیشت سے تعلق رکھنے والے افراد بریفنگ دیں گے،اس کے بعد معیشت کی استحکام کے لیے فیصلے کیے جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریٹس اور دیگر کو پاکستان کی بہتری کے لیے سوچنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جن افراد کے استعفے منظور کرلیے ہیں وہاں ضمنی انتخاب ہوگا۔