وزیر اعظم سے چینی نائب وزیر اعظم کی ملاقات، زرعی، صنعتی اور مواصلاتی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

04:28 PM, 31 Jul, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے چینی نائب وزیر اعظم ہی-لیفینگ (He Lifeng) نے ملاقات کی ، ملاقات میں زرعی، صنعتی اور مواصلاتی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندہ، چین کے نائب وزیراعظم اور کومیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے پولٹبیورو کے رکن ہی-لیفینگ (He Lifeng) نے ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کا وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ملاقات میں فریقین نے پاکستان اور چین کے تعلقات کے متعدد پہلوؤں، بشمول چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور دوطرفہ اقتصادی و مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہی-لیفینگ کو مارچ میں چین کے نائب وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب اور پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجز بالخصوص آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے جیسے مشکل اوقات میں پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہا۔ چین کے نائب وزیراعظم ہی-لیفینگ نے پاکستان اور چین کی سٹریٹیجک شراکت داری اور دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اشتراک میں توسیع پر زور دیا۔ چینی نائب وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں چین کے مستقل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے راہنماؤں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی پاکستان اور چین کی مشترکہ معاشی اور اقتصادی ترقی میں مرکزیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی دس سالہ سالگرہ اس منصوبے کو ازسر نو توسیع دینے کا ایک سنہری موقع ہے۔ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی چین کو زرعی برآمدات بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان زرعی، صنعتی اور مواصلاتی سمیت دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی مسائل اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی نائب وزیراعظم ہی-لیفینگ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔ چینی وفد میں چینی سٹیٹ کاؤنسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل گو وے، چینی نائب وزیرِ خارجہ سن ویڈونگ، نائب چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کونگ لیانگ، پیپلز بینک آف چائنا کے ڈپٹی گورنر زوان چینگنینگ اور وانگ کیبنگ، چینی وزارت تجارت کے شعبہ ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل وانگ لیپنگ، پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی چارج ڈی افئیرز پانگ چنشوئے اور دیگر اعلیٰ چینی افسران شامل تھے۔ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت برائے خارجی امور حنا ربانی کھر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور مختلف وزارتوں سے دیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔
مزیدخبریں