راہل گاندھی سےایک ملاقات، موچی کی قسمت بدل گئی

12:03 PM, 31 Jul, 2024

 ویب ڈیسک: راہل گاندھی کا  دکان کا دورہ، موچی کی قسمت بدل گئی، اپوزیشن لیڈر کی مرمت کئے گئے جوتے کے بدلے بھاری رقوم کی پیشکش، راہل گاندھی نے جوتا سلائی کے لئے مہنگی مشین بھی تحفہ میں دیدی۔ 

گزشتہ دنوں اتر پردیش کے سلطان پور میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایک موچی سے ملاقات کی تھی، جس کا نام رامچیت تھا۔

 اس ملاقات کے بعد سے موچی کے اچھے دن آ گئے ہیں۔ اس کی دکان پر لوگوں کی بھیڑ دکھائی دے رہی ہے۔ خبریں تو ایسی سامنے آ رہی ہیں کہ راہل گاندھی نے اس موچی کی دکان پر جس چپل کی سِلائی کی تھی، اس کی منھ مانگی قیمت مل رہی ہے۔ حالانکہ رامچیت اس چپل کو فروخت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں بلکہ  وہ اس تاریخی جوتے کو اپنی آئندہ نسلوں کے لئے سنبھال کررکھنا چاہتے ہیں۔

رامچیت  نے بتایا کہ راہل گاندھی نے صرف ان سے ملاقات نہیں کی، بلکہ اگلے دن انھیں فون بھی کیا تھا۔ راہل گاندھی نے خیریت دریافت کی اور پھر بعد میں جوتا سلائی کرنے کی ایک معیاری مشین بھی بھیجی۔ رامچیت کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کی ملاقات کے بعد اب کئی افسران ان کی رہائش پر پہنچ رہے ہیں اور خیریت دریافت کر رہے ہیں۔ 

جوتا سلائی مشین کے بارے میں رامچیت کہتے ہیں کہ پورے علاقے میں کسی دیگر موچی کے پاس اتنی اچھی مشین نہیں ہے جتنی اچھی مشین راہل گاندھی نے انھیں دی ہے۔ انھوں نے اس احسان کے بدلے راہل گاندھی کو دو جوڑی جوتے بھی بھجوائے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ راہل گاندھی کو 9 نمبر کا جوتا آتا ہے، پھر بھی رامچیت نے ایک 9 نمبر کا اور ایک 10 نمبر کا جوتا ان کے لیے بھجوایا ہے۔

مزیدخبریں