نامعلوم افراد PTI ایم این اے کو اینٹی کرپشن ٹیم کی تحویل سے لیکر فرار

12:59 PM, 31 Jul, 2024

ویب ڈیسک: نامعلوم افراد پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی امتیاز چوہدری کو اینٹی کرپشن ٹیم سے لے کر فرار ہوگئے ہیں۔

سرکل آفیسر اینٹی کرپشن آفتاب حیدر کے مطابق گجرات کے علاقے شادیوال روڈ پرنامعلوم کارسواروں نے رہنما پی ٹی آئی و رکن قومی اسمبلی امتیاز چوہدری کو عدالت میں پیشی کے لیے لے جانے والی اینٹی کرپشن ٹیم کی گاڑی پر فائرنگ کی اور امتیاز چوہدری کو لے کر فرار ہوگئے۔

اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم امتیازچوہدری کو منڈی بہاؤالدین لے کر جارہی تھی، اینٹی کرپشن نے امتیاز چوہدری کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ لے رکھا تھا، آج انہیں دوبارہ سول جج کی عدالت میں پیش کے لیے لے جایا جارہا تھا۔

یاد رہے کہ اینٹی کرپشن نے پی ٹی آئی رہنما امتیاز چوہدری کو 25 جولائی کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا، ان پر ترقیاتی اسکیموں میں کِک بیکس وصولیوں کا الزام ہے۔

حاجی امتیاز کے بھائی کا چودھری اعجاز کا بیان:

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے خیبر پختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کی ہے۔ امتیاز چودھری کے بھائی چودھری اعجاز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے چھوٹے بھائی ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز کو اغوا کر لیا گیا۔ تین گاڑیوں میں لوگ آئے اور انہیں پولیس کی حراست سے چھڑا کر لے گئے۔ ہم نے اسپیکر صاحب سے پروڈکشن آرڈر کی درخواست کی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ جج نے کہا تھا کہ اس کے کیس میں جان ہی نہیں ہے۔ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ پنجاب میں بھی مسنگ پرسنز کی نئی واردات شروع ہو گئی۔ کورٹ کو بھی غلط آگاہ کیا گیا ہے۔ پنجاب سرزمین پر قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ میرے بھائی کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ پارٹی تبدیل نہیں کررہے۔ تمام حقائق ہمارے سامنے موجود ہیں۔ سپریم کورٹ اس معاملے پر سو موٹو ایکشن لے۔ ہمارے سپورٹرز پر الزام لگا کر کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں