کرک ہندو سمادھی کی جلد تعمیر کا حکم

06:55 AM, 31 Mar, 2021

حسان عبداللہ

اسلام آباد(پبلک نیوز) پاکستان کے چیف جسٹس گلزار احمد نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کرک میں ہندو سمادھی جلانے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ سمادھی کی تعمیر ریاست کی ذمہ داری ہے، ایسے بندہ کو ٹھیکہ دیا جس کے پاس کام شروع کرنے کے پیسے نہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے کرک ہندو سمادھی کا تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ چیف سیکرٹری یقینی بنائیں کہ سمادھی کی تعمیر کا کام تاخیر کا شکار نہ ہو جبکہ عدالت نے ہندو کمیونٹی کو تعمیراتی کام میں مداخلت سے روک دیا۔ سپریم کورٹ حکم دیا کہ سمادھی کی تعمیر چھ ماہ میں مکمل کی جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے عدالت کو بتایا کہ کنٹریکٹر کام شروع کرنے والے تھے، ہندو رہنما رمیش کمار نے ٹھیکدار کو کام سے روک دیا جس پر رمیش کمار نے کہا سمادھی کی تعمیر کا ٹھیکہ جس کنٹریکٹر کو دیا اس کی صلاحیت نہیں، کے پی حکومت نے ساڑھے تین کروڑ کا بجٹ منظور کیا جبکہ تعمیراتی کام ساڑھے پانچ کروڑ کا ہے، ٹھیکدار کے پاس کام شروع کرنے کے لیے پیسہ نہیں ہیں۔

جٹس اعجاز الااحسننے ریمارکس دیئے سمادھی کی تعمیر کا کام 5 اپریل سے شروع ہونا ہے، سمادھی کی تعمیر چھ ماہ میں مکمل ہونی ہے، سمادھی کی تعمیر راتوں رات نہیں ہونی۔

اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سمادھی کی تعمیر ریاست کی ذمہ داری ہے، ایسے بندے کو ٹھیکہ دیا جس کے پاس کام شروع کرنے کے پیسے نہیں، کیا اس کام میں بھی پیسہ بنانا ہے، سب پریشان ہیں اس کام سے پیسہ کیسے کھانا ہے؟ بے شرمی کی کوئی انتہا ہوتی ہے، کے پی کے کے متعلقہ محکمہ معاملہ پر چپ کر کے بیٹھے ہیں۔عدالت کی جانب سے چیف سیکرٹری کے پی کے سمادھی کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ بعدازں کرک سمادھی سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے تک ملتوی کر دی گئی۔

خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے تیری میں مشتعل افراد نے ہندوؤں کے مقدس مقام کی توسیع کے خلاف احتجاج کے دوران ہلہ بول کر مندر کی توسیع کو روکنے کے ساتھ ساتھ وہاں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔ پولیس نے اس واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے 28 افراد کو گرفتار کیا تھا جبکہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے اس معاملے کا از خود نوٹس لے رکھا ہے۔

مزیدخبریں