” جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بارے غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں“

03:49 PM, 31 Mar, 2021

شازیہ بشیر

لاہور (پبلک نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں قطعا غلط ہیں۔ قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر کوئی پابندی نہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف تاریخ کا سب بڑا آپریشن جاری ہے۔ سرکاری اراضی کا ایک ایک انچ واگزار کرائیں گے۔ 7 روز میں 31اضلاع میں 22 ارب 32کروڑ روپے کی 12 ہزار 318 ایکڑ اراضی واگزار، 403 ایف آئی آر درج، 97 افراد گرفتار کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ واگزار اراضی کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔ قابض افرادسے تاوان بھی وصول کیا جائے گا۔ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کسی جماعت یا مخصوص شخص کے خلاف کارروائی نہیں، یہ آپریشن بلا تفریق ہو رہا ہے اور ہوتا رہے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ خواہ میرا کوئی رشتے دار ہو یا پارٹی عہدیدار سب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔ سیاست سے بالا تر ہو کر ایک بڑے مقصد کی خاطر قبضہ مافیا کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر کوئی پابندی نہیں، مقصدلوگوں کو جیل میں ڈالنا نہیں بلکہ عوام کو آگاہی دینا ہے کہ وہ ما سک پہنیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں قطعا غلط ہیں،مخالفین اس حوالے سے غلط خبریں پھیلا رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ نادان دوست کہتے ہیں پنجاب کو ریورس گیئر لگ گیا اور ان کو ترقی نظر نہیں آتی۔ 1997 ء کے بعد پہلی بار صوبے میں 12 نئے ہسپتال بن رہے ہیں۔ 13 سپیشل اکنامک زونز پر کام جاری ہے۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی اورہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج بن رہا ہے۔ 7 ارب روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں