پاکستانی صارفین کے لئے ایک اور بری خبر

05:08 AM, 31 Mar, 2022

احمد علی
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پاکستانی صارفین کے لئے ایک اور بری خبر ہے۔ بجلی کی قیمت میں 4 روپے 99 پیسے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا۔ نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر آج سماعت کرے گی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فروری میں ہائیڈل سے 5 اعشاریہ 83 فیصد، کوئلے سے 33 اعشاریہ 55 فیصد، ڈیزل سے 6 اعشاریہ 73 فیصد، فرنس آئل سے 14 اعشاریہ 07 فیصد، مقامی گیس سے 14 اعشاریہ 37 فیصد، ایل این جی سے 7 اعشاریہ 12 فیصد اور جوہری ایندھن سے 14 اعشاریہ 37 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ ادھر گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ بجلی کے شارٹ فال میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ ذرائع وزارت توانائی کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار 800 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 16 ہزار 3 سو میگاواٹ ہے۔ بجلی کل طلب 19 ہزار تین سال سو میگاواٹ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار سات ہزار سے کم ہو کر صرف 1 ہزار میگاواٹ رہ گئی ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 3 ہزار دوسو میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ ذرائع وزارت توانائی کے مطابق نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 12 ہزار میگاواٹ ہے۔ ملک بھر میں 6 سے 7 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول پر ہے۔ بجلی کی پیداوار صرف 4 سو میگاواٹ ہے۔ منگلا میں پانی کا ذخیرہ کم ہونے کے باعث بجلی کی پیداوار صرف 200 میگاواٹ رہ گئی ہے۔ یہ بھی پڑھیں: عوام کیلئے اچھی خبر، بجلی سستی کرنے کی منظوری خیال رہے کہ رواں ماہ ہی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اعلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا تھا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے وزیراعظم عمران خان کے مراعاتی پیکج پر اپنا فیصلہ جاری کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں 5 روپے کمی کرنے کی منظوری دے دی تھی۔ نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا تھا۔ فیصلے کے وفاقی حکومت بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ خیال رہے کہ وزارت توانائی کی جانب سے نیپرا میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ فیصلے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ صارفین کو مارچ سے جون تک بجلی قیمتوں میں کمی کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ حکومت بجلی صارفین کو 106 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔
مزیدخبریں