غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار
02:15 PM, 31 Mar, 2022
اسلام آباد: (پبلک نیوز) قومی سلامتی کمیٹی نے غیر ملکی عہدے دار کی گفتگو کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 37 واں اجلاس ہوا، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دفاع،توانائی،اطلاعات و نشریات،خزانہ اور انسانی حقوق کے وفاقی وزرا نے شرکت کی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اس کے علاوہ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،مشیر قومی سلامتی اور اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔ مشیر قومی سلامتی نے پاکستانی سفیر کی جانب سے باضابطہ ملاقات میں سینئر غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی اور گفتگو سے پاکستانی سفیر کی جانب سے دفتر خارجہ کو آگاہ کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے اعلی غیر ملکی عہدے دار کی گفتگو پر اظہار تشویش کیا، قومی سلامتی کمیٹی نے غیر ملکی عہدے دار کے انداز گفتگو کو غیر سفارتی قرار دے دیا، قومی سلامتی کمیٹی نے غیر ملکی عہدے دار کی گفتگو کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت قرار دے دیا۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ ایسی گفتگو کسی بھی صورتحال میں قابل قبول نہیں ہے۔ پاکستان نے سفارتی روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بھرپور جواب دینے کا فیصلہ ہے، پاکستان، اسلام آباد اور مذکورہ ملک کے دارالحکومت میں باضابطہ سفارتی ذرائع سے بھرپور جوابی ردعمل دے گا، قومی سلامتی کمیٹی نے وفاقی کابینہ کی جانب سے پارلیمنٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کو ان کیمرہ سیشن میں اعتماد میں لئے جانے کی توثیق کر دی۔