دوسرا ون ڈے میچ: پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیدی
06:38 PM, 31 Mar, 2022
لاہور: دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 349 رنز کا 49 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 114 رنز بنائے، امام الحق نے بھی 106 رنز اسکور کرکے بابر اعظم کا خوب ساتھ دیا۔ فخر زمان 67 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، محمد رضوان 23 بنا سکے جبکہ خوشدل شاہ 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے دو وکٹیں حاصل کیں، نیتھن ایلس اور مارکس اسٹونس ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 348 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کیلئے 349 رنز کا ہدف دیا تھا.آسٹریلیا کی جانب سے بین میکدر میٹ نے 104 رنز ، ٹریوس ہیڈ 89 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مارنوس لبوشین 59 رنز بنا سکے، کپتان ایرون فنچ کوئی رن نہ بنا سکے،جبکہ مارکس اسٹونس نے 49 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ شان ایبٹ 28 رنز جبکہ کیمرون گرین اور الیکس کیری 5، 5 رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا ، محمد وسیم نے دو، زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ دوسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ خیال رہے کہ تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے، اس سے قبل آسٹریلیا بینو قادر ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرچکی ہے۔